نئی دہلی: پاک فوج کے ہاتھوں 10 مئی 2025 کی ذلت آمیز شکست کے باوجود بھارت کا جنگی جنون کم نہ ہوسکا۔ بھارتی حکومت نے پاکستان کی سرحد کے قریب بڑی فوجی مشقوں کے انعقاد کے لیے نوٹم (NOTAM) جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی بری فوج، بحریہ اور فضائیہ کی مشترکہ جنگی مشقیں 30 اکتوبر سے 10 نومبر 2025 تک پاکستان کی سرحد کے قریب منعقد کی جائیں گی۔ دفاعی ماہرین کے مطابق ان مشقوں کا پیمانہ غیر معمولی نوعیت کا ہے، جس نے خطے میں سکیورٹی تجزیہ کاروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے ماضی میں متعدد بار اشتعال انگیز بیانات اور حملے کی دھمکیاں دی جاچکی ہیں، تاہم پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے واضح کردیا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 6 اور 7 مئی 2025 کو بھارت کی جانب سے پاکستان پر میزائل حملے کی کوشش کے بعد پاک افواج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی جنگی جہاز مار گرائے اور دفاعی نظام کو ناکارہ بنا دیا تھا۔
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے حال ہی میں کریکس ایریا کے اگلے مورچوں کا دورہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ "ہم سرکریک سے جیوانی تک اپنی سمندری سرحدوں کا دفاع کرنا خوب جانتے ہیں”۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos