بھارتی آلودہ ہواؤں سے پنجاب میں فضائی آلودگی میں اضافہ

بھارت سے آنے والی آلودہ مشرقی ہواؤں کے باعث پنجاب کے مختلف شہروں، خصوصاً لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔
محکمہ ماحولیات پنجاب کے مطابق بھارتی سمت سے داخل ہونے والی آلودہ ہوائیں لاہور اور وسطی پنجاب کے فضائی معیار پر براہ راست اثر انداز ہو رہی ہیں، جس کے باعث لاہور کا اوسط ائیر کوالٹی انڈیکس (AQI) 320 سے 360 کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ کا کہنا ہے کہ لاہور اس وقت پاکستان کا تیسرا آلودہ ترین شہر بن چکا ہے، جہاں اے کیو آئی 450 ریکارڈ کیا گیا۔
فضا میں آلودگی کی شرح تشویشناک ہے تاہم محکمہ کے مطابق دوپہر ایک بجے سے شام پانچ بجے تک ہوا میں کچھ بہتری متوقع ہے۔

فضائی معیار کی عالمی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق، لاہور سیکرٹریٹ میں AQI 1018، ساندہ روڈ پر 997، اور راوی روڈ پر 820 پارٹیکولیٹ میٹر ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ فضا میں خطرناک ذرات کی مقدار بڑھنے سے شہریوں کے لیے سانس اور آنکھوں کی بیماریاں لاحق ہونے کا خدشہ ہے، لہٰذا شہری بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور ماسک کا استعمال لازمی کریں۔

لاہور کے علاوہ برکی روڈ، شاہدرہ، ملتان روڈ، جی ٹی روڈ اور ایجرٹن روڈ پر بھی ائیر کوالٹی انڈیکس 500 تک پہنچ گیا۔
اسی طرح ڈیرہ غازی خان، قصور، رائے ونڈ، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور شیخوپورہ میں بھی فضائی معیار خطرناک حد تک خراب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ ماحولیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور بچوں، بزرگوں و مریضوں کو آلودہ فضا سے بچانے کی ہدایت کی ہے۔