ملک کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں گوجرانوالہ کا پہلا نمبر

ملک کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں گوجرانوالہ پہلے نمبر پر آگیا ہے۔ شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد 379 تک پہنچ گیا، جس کے باعث شہریوں کے لیے سانس لینا بھی دشوار ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں سموگ کی صورتحال میں بہتری نہ آسکی۔ گوجرانوالہ فضائی آلودگی میں سب سے آگے نکل گیا جبکہ لاہور مجموعی طور پر دوسرے نمبر پر رہا، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 346 ریکارڈ کیا گیا۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں فضائی معیار خطرناک حد تک گر گیا — گلبرگ میں 595، سول سیکرٹریٹ میں 557 اور اقبال ٹاؤن میں 547 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔

پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی سموگ کی شدت برقرار ہے، فیصل آباد میں ایئر کوالٹی انڈیکس 377 اور ملتان میں 276 تک پہنچ گیا۔

طبی ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے گریز، ماسک کے استعمال اور زیادہ پانی پینے کی ہدایت کی ہے تاکہ سانس اور آنکھوں کی بیماریوں سے بچا جا سکے۔