پاکستان میں پہلی کروم بُک اسمبلی لائن کا افتتاح

 

اسلام آباد: ایس آئی ایف سی کی معاونت سے پاکستان نے ڈیجیٹل انقلاب کی جانب اہم قدم بڑھاتے ہوئے پہلی کروم بُک اسمبلی لائن کا افتتاح کر دیا ہے۔

یہ منصوبہ حکومتِ پاکستان، گوگل، ٹیک ویلی اور نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔

کروم بُک اسمبلی لائن کے تحت 2026 سے ہر سال مقامی سطح پر اساتذہ اور طلبہ کے لیے پانچ لاکھ لیپ ٹاپ تیار کیے جائیں گے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ نئی ریگولیٹری پالیسی پاکستان کو خطے میں ٹیکنالوجی کے مرکز میں بدلنے کا ہدف رکھتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گوگل اور پاکستان کے اسٹریٹجک اشتراک سے ایک لاکھ ڈویلپرز کو تربیت دی جائے گی جبکہ “اے آئی لیڈرز فیلوشپ پروگرام” کے تحت 100 اداروں کو مصنوعی ذہانت کے استعمال میں مدد فراہم کی جائے گی۔

وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ موبائل ایپس، ڈیجیٹل سروسز اور ای کامرس کے ذریعے 2030 تک 6.6 ارب ڈالرز کی سالانہ برآمدات کا ہدف رکھا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معروف عالمی کمپنی گوگل کی پاکستان میں موجودگی ملکی ڈیجیٹل معیشت اور ترقی کے لیے سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔