فائل فوٹو
فائل فوٹو

ممتازصحافی کے نام پر”سعود ساحرایوارڈ” شروع کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد:صحافی برادری نے حکومت سے سعود ساحر ایوارڈ کے اجراکا مطالبہ کیا ہے۔نامور اخبارنویس کی یادمیں تعزیتی ریفرنس کے موقع پر سعودساحرکی خدمات کااعتراف کرنے کے لیے یونیورسٹی میں چیئر قائم کرنے کا تقاضابھی کیاگیاہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس دستور اور راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس دستور کے زیر اہتمام آفیسرز اکیڈمی میں نامورصحافی سعود ساحر کی یادمیں منعقدہ تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا۔تقریب کی صدارت پاکستان فیڈرل یونین جرنلسٹس دستور کے صدر محمد نواز رضا نے کی۔

سینئر صحافیوں حافظ طاہر خلیل،محسن رضا خان، خالد عظیم،فاروق فیصل خان ، ظفر ملک ،آر آئی یوجے دستور کے صدر رانا کوثر علی،نائب صدر شیخ ایوب ناصر ،جنرل سیکرٹیری راحیل نواز سواتی ،سابق صدر سید قیصر عباس شاہ کے علاوہ مرزا عبدالقدوس،تنویر اعوان سمیت دیگر سینئر صحافی رہنمائوں نے خطاب کیا۔

محمد نواز رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعود ساحر نے ساری زندگی قلم سے جہاد کیا مارشل لا ہو یا جمہوریت ان کو کلمہ حق لکھنے سے کوئی نہیں روک سکا اور نہ کسی کی جرات تھی کہ وہ انھیں حقائق پر مبنی خبر دینے سے روک سکے ،وہ صحافت کے چمکتے آفتاب،اور اپنی ذات میں ایک مکمل ادارہ تھے۔ آج صحافی برادری ان کی تحریروں سے استفادہ کرکے آگے بڑھے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت مرحوم کی صحافتی خدمات کو تسلیم کرے اور سعودساحر قومی ایوارڈ کا اعلان کرے۔ ان کے یوم وفات پر ہر سال ایوارڈ دینے سمیت ان کے نام سے یونیورسٹی میں چیئر قائم کی جائے کیوں کہ سعود ساحر محسن صحافت ہیں۔

حافظ طاہر خلیل نے کہا کہ سعود ساحر نظریاتی صحافی تھے جنہوں نے ساری زندگی اصولوں پر مبنی صحافت کی ۔خبر کی تلاش سے خبر بنانے تک وہ اپنی مثال آپ تھے۔ وہ ہماری قومی تاریخ کا اثاثہ ہیں۔ دیگر مقررین کا کہناتھا کہ حکومت میڈیا ہاو سز سے صحافی برادری کے مسائل ،چھانٹیوں اوربے روزگاری کا نوٹس لے، صحافی برادری کے مسائل کو حل کیاجائے ۔ اس موقع پر حا فظ طاہر خلیل کو پی ایف یوجے دستور کی جانب سے ایوارڈ پیش کیا گیا ۔