اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے 27 ویں آئینی ترمیم کا بل پیش کر دیا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر قانون نے بتایا کہ یہ بل سینیٹ سے دو تہائی اکثریت سے منظور ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن کو بھی شامل ہونا چاہیے تھا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ دنیا بھر میں آئینی معاملات کے لیے عدالتیں موجود ہیں اور دیگر ممالک میں ججز کی تقرری جوڈیشل کمیشن کے ذریعے کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میثاق جمہوریت میں بھی آئینی نظام کے بنیادی نکات شامل ہیں۔
اجلاس میں دو تعلیمی اداروں کے قیام کے حکومتی بل بھی منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ میں 27 ویں آئینی ترمیم بل دو تہائی اکثریت سے منظور ہوا تھا، جس کی حمایت میں 64 ووٹ ڈالے گئے جبکہ مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں پڑا۔ دوسری جانب متحدہ اپوزیشن نے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا ہوا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos