لاہور: پنجاب کے بیشتر شہر آج بھی سموگ کی لپیٹ میں ہیں، جس کی وجہ سے شہریوں کی سانس لینے میں مشکلات اور صحت کے مسائل بڑھ گئے ہیں۔ فیصل آباد کو 578 ایئر پارٹیکولیٹ میٹرز کے ساتھ پنجاب کا سب سے آلودہ شہر قرار دیا گیا ہے۔
عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق بہاولپور کا 352 اور لاہور 257 اے کیو آئی کے ساتھ عالمی ایئر کوالٹی انڈیکس میں تیسرے نمبر پر ہے۔ تاہم محکمہ ماحولیات پنجاب کی ویب سائٹ کے مطابق لاہور 377 اے کیو آئی کے ساتھ صوبے کا سب سے آلودہ شہر ہے، فیصل آباد 345 اور ملتان 338 کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ سموگ کی شدت کے دوران باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال کریں اور کم از کم باہر کی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں، بزرگوں اور سانس کی بیماریوں سے متاثر افراد کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔
محکمہ ماحولیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لیے گاڑیوں کے کم استعمال اور صنعتی آلودگی پر قابو پانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos