اسلام آ باد: صدرمملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو کو نشان پاکستان سے نواز دیا اور دونوں رہنماؤں نے امن، استحکام اور خوش حالی کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق ایوان صدر میں خصوصی اعزازی تقریب منعقد ہوئی جہاں انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو کو نشان پاکستان عطا کیا گیا، تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور اعلیٰ عسکری قیادت نے شرکت کی۔
انڈونیشیا کے صدر کے اعزاز میں ایوان صدر میں منعقدہ پروقار تقریب میں صدر پاکستان اور انڈونیشیا کے صدر نے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات پر گفتگو کی اور دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اقدار اور دیرینہ خیرسگالی پر مکمل اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور انڈونیشیا کے امن، استحکام اور خوش حالی کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، صدر پاکستان نے انڈونیشیا کے سوماترا کے سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، متاثرین کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
دونوں صدور نے بین المذاہب ہم آہنگی اور برداشت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا، پاکستان اور انڈونیشیا نے مستقبل کی شراکت داری کو جامع ترقی کے اصولوں پر استوار کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔
اس موقع پر دوطرفہ تجارت میں اضافے پر اظہار اطمینان اور تجارت میں توازن اور تنوع پر زور دیا گیا اور مشترکہ تجارتی کمیٹی کو کاروباری روابط بڑھانے کا مؤثر فورم قرار دیا گیا۔
پاکستان اور انڈونیشیا نے آئی ٹی، زراعت، توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی، آفات سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos