اسرائیلی دہشت گرد قیادت نے یہودیوں کو غیر محفوظ بنا دیا،لیاقت بلوچ
16دسمبر کا دن دو قومی نظریہ کے دشمنوں اور ہندوستان کے آلہ کاروں کے لیے عبرت کا دن ہے
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اسرائیلی دہشت گرد قیادت نے دنیا بھر میں یہودیوں کو غیر محفوظ کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے آسٹریلیا میں یہودیوں کی تقریب پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ 16 دسمبر کا دن دو قومی نظریہ کے دشمنوں اور ہندوستان کے آلہ کاروں کے لیے عبرت کا دن ہے، اور پاکستان و بنگلا دیش کے عوام مشترکہ دشمن ہندوستان کے عزائم سے آگاہ ہو چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 21 دسمبر کو ملک بھر میں بااختیار بلدیاتی نظام کے لیے دھرنے ہوں گے اور اسلام آباد و صوبائی حکومتیں عوام سے مذاق بند کرکے بااختیار بلدیاتی نظام فراہم کریں۔
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان نے پیر عبدالرحیم نقشبندی اور پیر ذوالفقار احمد نقشبندی کے انتقال پر بھی تعزیت کا اظہار کیا۔