وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہی سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہدا کے لیے اصل انصاف ہوگا۔
سانحہ اے پی ایس کی گیارہویں برسی کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج پوری قوم اُن معصوم بچوں، اساتذہ اور عملے کو خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے جنہوں نے ملک کے مستقبل کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ ایک ایسا دلخراش واقعہ تھا جس نے پوری قوم کو غم میں مبتلا کر دیا، تاہم قوم کے عزم اور حوصلے کو کمزور نہ کر سکا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اے پی ایس کے شہدا کی قربانیاں ہمیشہ قومی تاریخ اور اجتماعی یادداشت کا حصہ رہیں گی۔ پوری قوم شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کے صبر و حوصلے کو سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج جب ملک ایک بار پھر دہشت گردی کے خطرات کا سامنا کر رہا ہے اور سیکیورٹی اہلکاروں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے تو سانحہ اے پی ایس اس بات کی یاد دہانی ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد ابھی جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں پوری شدت سے جاری رہیں گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رکھی جائے گی۔
اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام شہدا کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل نصیب کرے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos