دفترخارجہ پاکستان۔ فائل فوٹو

فیلڈمارشل امریکہ نہیں جارہے:دفتر خارجہ۔غزہ فورس میں شمولیت پر پیش رفت کی بھی تردید

وزارت خارجہ نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ پا ک فوج کے سربراہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر آئندہ چند دنوں میں امریکہ دورے پر جا رہے ہیں۔دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان طاہر اندرابی نے کہا کہ میں ان رپورٹس کی تردید کرتا ہوں۔ ایسے کسی دورے کی تصدیق کے لیے میرے پاس کوئی معلومات موجود نہیں۔جب کسی سرکاری دورے کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو حکومت اس کا باضابطہ اعلان کرتی ہے۔ اس وقت مجھے کسی بھی حتمی منصوبے کے بارے میں علم نہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بین الاقوامی استحکام فورس کےحوالے سےبعض عالمی دارالحکومتوں میں مشاورت جاری ہے مگر پاکستان کو اس معاملے پر کسی مخصوص درخواست سے آگاہ نہیں کیا گیا اور اس فورس سے متعلق پاکستان نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ اس ضمن میں کسی بھی پیش رفت سے مناسب وقت پر آگاہ کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: غزہ استحکام فورس:پاکستان سے متعلق اسرائیلی اخبار کی رپورٹ۔فیلڈمارشل کا تذکرہ

ادھر وائٹ ہاؤس کے ایک عہدے دار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر عرب میڈیا کو بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان کسی ملاقات کا فی الحال کوئی شیڈول نہیں۔

گذشتہ روز برطانوی میڈیا کی ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا آئندہ چند ہفتوں میں واشنگٹن کا دورہ متوقع ہے، جہاں ممکنہ طور پر غزہ میں جنگ کے بعد سکیورٹی اور امدادی سرگرمیوں کے لیے مجوزہ کثیرالقومی فورس پر بات چیت ہو سکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔