فیصل آباد (اُمت نیوز)فیصل آباد میں معمولی تکرار نے خونی تصادم کی شکل اختیار کر لی۔ تھانہ ڈی ٹائپ کے علاقے سمندری روڈ پر مونگ پھلی کے تنازع پر گاہک کی فائرنگ سے ایک بھائی جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ واقعے کے خلاف مقتول کے لواحقین نے تھانہ بٹالہ کالونی کے باہر احتجاجی دھرنا دے دیا۔
گزشتہ روز سمندری روڈ پر مونگ پھلی کا ٹھیلا لگانے والے دو بھائیوں کا ایک گاہک کے ساتھ معمولی بات پر جھگڑا ہوا۔ تلخ کلامی بڑھنے پر مشتعل گاہک نے آپے سے باہر ہو کر سیدھی فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں اسماعیل خان گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کا دوسرا بھائی شدید زخمی ہو گیا۔
زخمی بھائی کو فوری طور پر الائیڈ ہسپتال ٹو منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
مقتول کے ورثاء اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے تھانہ بٹالہ کالونی کے باہر جمع ہو کر پولیس کی مبینہ سستی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔ مظاہرین نے عزم ظاہر کیا کہ:
> "جب تک ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں آتی، ہمارا احتجاج اور دھرنا جاری رہے گا۔”
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos