ای چالان سے بچنے کیلئے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس چھپانے، فینسی نمبر پلیٹس لگانے اور ٹیمپرنگ کرنے والوں کے خلاف سندھ پولیس نے بھرپور کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کی ہدایات پر کراچی کے مختلف علاقوں میں گرینڈ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے متعدد مقامات پر ناکہ بندیاں قائم کر دی ہیں۔
اس حوالے سے ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ نے بتایا کہ آج سے باقاعدہ آپریشن کا آغاز کیا گیا ہے، جو مختلف علاقوں میں مرحلہ وار تین، تین گھنٹے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی کارروائی کے دوران دو گاڑیاں تحویل میں لے لی گئی ہیں جبکہ 23 گاڑیوں کے چالان کیے جا چکے ہیں۔
ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا تھا کہ نمبر پلیٹ چھپانے، غیر معیاری یا فینسی نمبر پلیٹس لگانے اور پلیٹس میں رد و بدل کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس حکام کے مطابق اس مہم کا مقصد ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانا اور شہریوں کو محفوظ سفر فراہم کرنا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos