کلمہ چوک اور گلبرگ مقدمات:یاسمین راشد، عمر سرفراز کو 10 سال قید کی سزا

لاہور: انسداد دہشتگردی عدالت نے نو مئی کے دو مقدمات کے فیصلے سنا دیے، جن میں کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے اور گلبرگ میں پولیس کی گاڑی جلانے کے مقدمات شامل ہیں۔ عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چودھری، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کو ہر مقدمے میں 10، 10 سال قید کی سزا سنائی۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کوٹ لکھپت جیل میں فیصلہ سنایا۔ دونوں مقدمات میں شاہ محمود قریشی کا چالان ابھی جمع نہیں کرایا گیا۔

پراسیکیوشن نے مقدمات میں مجموعی طور پر 78 گواہان پیش کیے۔ گلبرگ گاڑی جلانے کے کیس میں 33 ملزمان کا چالان جمع ہوا، جن میں سے چار ملزمان دوران ٹرائل اشتہاری ہو گئے۔ کلمہ چوک کنٹینر کیس میں 36 ملزمان کے چالان جمع کرائے گئے، جن میں حماد اظہر، مراد سعید، زبیر نیازی اور اسلم اقبال سمیت 12 ملزمان اشتہاری ہیں۔

پراسیکیوٹر کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں نے اپنے کارکنان کو بغاوت اور فسادات کے لیے اکسانے کا الزام ہے۔ نو مئی لاہور کے 14 میں سے اب تک 7 مقدمات کے فیصلے ہو چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔