شمالی بالائی بلوچستان میں موسمِ سرما کی پہلی بارش نے جہاں سردی کی شدت بڑھا دی وہیں مختلف علاقوں میں نقصانات بھی سامنے آئے ہیں۔
چمن، قلعہ عبداللہ اور توبہ اچکزئی میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش کے باعث کئی مقامات پر بجلی کے کھمبے اور دیواریں گر گئیں جبکہ متعدد درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔ بارش کے نتیجے میں شمالی بالائی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
بالائی پہاڑی علاقوں میں تیز ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی، جبکہ کان مہترزئی کے پہاڑوں پر موسمِ سرما کی پہلی برف باری ہوئی ہے۔ ادھر چترال لوئر اور اپر میں وقفے وقفے سے بارش نے موسم کو مزید سرد کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تقریباً 10 ماہ بعد شمالی بالائی بلوچستان میں بارش ہوئی ہے، جس سے خطے میں جاری طویل خشک سالی کے خاتمے کی امید کی جا رہی ہے۔ بارش کو زراعت اور زیرِ زمین پانی کے ذخائر کے لیے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos