راولپنڈی: پاک بحریہ میں دوسرے پی این ایس خیبر کی شمولیت کی پروقار تقریب میں ترکیہ میں ہوئی جس میں ترک صدر رجب طیب اردوان نے خصوصی شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک بحریہ میں دوسرے پی این ایس خیبر کی شمولیت کی تقریب استنبول کے نیول شپ یارڈ میں ہوئی جس میں پاکستان کے امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف خصوصی طور پر شریک ہوئے۔
اس موقع پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ میں مثالی برادرانہ تعلقات ہیں، دفاعی شعبہ میں دونوں ممالک میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ایڈمرل نوید اشرف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے استنبول نیول شپ یارڈ میں جہازوں کی منصوبہ بندی، ڈیزائن اور تعمیر میں شراکت کی تعریف کی۔
انہوں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان دفاعی شراکت داری کی گہرائی پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان نیوی اور ترکی نیول فورسز کے درمیان باہمی تعلقات دفاعی تعاون کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ دوطرفہ شراکت داری کی عکاسی کرتے ہیں۔
تقریب کے بعد صدر اردوان نے جہاز کا دورہ کیا، جہاں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور جہاز کے عملے سے ملاقات کی، اس موقع پر علاقائی سمندری سکیورٹی اور مستقبل میں پاکستان نیوی اور ترکی نیول فورسز کے مشترکہ منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ پی این ملگن (خیبر) جدید فنی صلاحیت اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم رکھنے والا بحری جہاز ہے، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان 4 جہازوں کا معاہدہ ہے جن میں سے دو ترکیہ اور دو پاکستان میں تیار ہونے ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی این ایس خیبر کی کمیشننگ پر پاک بحریہ، دفاعی ماہرین اور تمام شراکت داروں کو مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پی این ایس خیبر کی شمولیت سے پاکستان کا سمندری سرحدوں کے تحفظ مزید مضبوط ہو گا، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون باہمی اعتماد اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos