فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خادمِ حرمین شریفین نےمملکت کا اعلیٰ ترین اعزاز عطا کر دیا

خادمِ حرمین شریفین کے خصوصی حکم پر پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر  کو سعودی عرب کا اعلیٰ ترین شاہی اعزاز، شاہ عبدالعزیز میڈل، عطا کر دیا گیا ہے۔ یہ اعزاز پاک سعودی تعلقات، دفاعی تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کے فروغ میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔

سعودی قیادت نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی، سیکیورٹی اور عسکری تعاون کو مضبوط بنانے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو سراہا۔ شاہی اعزاز عطا کرتے ہوئے کہا گیا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اعزاز سے نوازے جانے کے موقع پر پاک سعودی دیرینہ برادرانہ تعلقات کے تسلسل اور مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔ اس پیش رفت کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے مزید استحکام کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

تقریب میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے، خطے میں امن و استحکام اور دفاعی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔