فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی میں دہشت گردی خدشات پر سیکورٹی الرٹ

اقبال اعوان :

کراچی میں دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ کرسمس اور نیو ایئر کے حوالے سے خصوصی سیکورٹی پلان تیار کیے جارہے ہیں۔ شہر کے داخلی راستوں پر آنے والی گاڑیوں کے مسافروں کو چیک کرنے کا سلسلہ بڑھا دیا گیا ہے۔ جبکہ مسیحی آبادیوں، چرچز اور مارکیٹوں و بازاروں میں بھی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ فتنہ الخوارج اور بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کی ہر قسم کی کارروائی کو روکنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ 24 دسمبر سے 2 جنوری تک معاشی حب کراچی میں سیکورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔ دنیا بھر کی طرح ملک کے اندر بالخصوص خیبر پختون خواہ اور بلوچستان میں آئے روز ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی شہر میں بھی پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں نے سیکورٹی پلان تیار کرنا شروع کر دیے ہیں۔

بعض اداروں نے کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے سابقہ زیر اثر علاقوں میں کومبنگ و سرچنگ اور ٹارگٹڈ آپریشن شروع کر دیئے ہیں۔ جبکہ دوسرے شہروں سے کراچی آنے والوں کو چیک کیا جارہا ہے۔ مشکوک افراد سے پوچھ گچھ کرنے کے علاوہ ان کا ڈیٹا نادرا سے منسلک فنگر پرنٹس کی مشینوں سے چیک کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ جرائم کا ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔ مفرور دہشت گردوں کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔ شہر میں بم ڈسپوزل اسکواڈ اور کے نائن کتوں کے ادارے) کو الرٹ رکھا گیا ہے۔

پولیس افسران کا کہنا ہے کہ 24 دسمبر کو مسیحی کمیونٹی کے مرد، خواتین اور بچے شہر کے چرچز میں خصوصی عبادت کیلئے جاتے ہیں اور رات گئے واپس آتے ہیں۔ اسی طرح اگلے روز قائداعظم ڈے بھی ہوتا ہے اور شہری بڑی تعداد میں مزار قائد کا رخ کرتے ہیں۔ جبکہ تفریح گاہوں پر بھی رش ہوتا ہے۔ ماضی میں صوبہ پنجاب میں دہشت گردوں نے کرسمس کے موقع پر رش کے دوران تفریحی مقام کو نشانہ بنایا تھا۔

اسی طرح مسیحی افراد کا ایونٹ نیو ایئر کی پہلی رات سے اگلے دو تین روز تک جاری رہتا ہے۔ اسی لئے مسیحی آبادیوں اور چرچز پر سیکورٹی موجود رکھی جائے گی۔ اسی طرح نیو ایئر پر شہری کی خاصی بڑی تعداد ساحل سمندر کا رخ بھی کرتی ہے۔ جس کا سیکورٹی پلان الگ سے تیار کیا جارہا ہے۔ اعلیٰ افسران دیگر سیکورٹی اداروں کے افسران کے ساتھ میٹنگز کر کے پلان تیار کر رہے ہیں۔ شہر میں کڑی نگرانی کا سلسلہ جاری ہے۔ تھانوں کی سطح پر اسنیپ چیکنگ ، گشت اور پکٹوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

آج کل مسیحی افراد راتوں کو بازاروں، مارکیٹوں اور کرسمس کے حوالے سے لگنے والے بازاروں کا خریداری کیلئے رخ کر رہے ہیں۔ اس لئے ان مقامات پر پولیس کمانڈوز اور سادہ کپڑوں میں اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ کرسمس سے قبل 24 دسمبر کو بم ڈسپوزل اسکواڈ چرچوں میں سرچنگ اور چیکنگ کرے گا۔ اسی طرح مزار قائد، تفریح گاہوں پر بھی سخت چیکنگ کی جائے گی۔

شہر کے بڑے ہوٹلوں، ریلوے اسٹیشن، بس اڈوں، غیر ملکیوں کی رہائش گاہوں، قونصل خانوں اور غیر ملکی ریستوورانوں پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ شہر میں نجی ڈرون اڑانے، انٹرنیٹ، موبائل سروس، موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی سمیت دیگر ہدایات جاری کرنے کا سلسلہ جلد شروع کر دیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔