اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی اسلم گھمن نے مذاکرات کے معاملے پر بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے بات چیت کا اختیار دے دیا گیا ہے، اس کے بعد دیگر رہنماؤں کے بیانات کی کوئی حیثیت نہیں رہتی۔
اُمت ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے اسلم گھمن
نے کہا کہ عمران خان نے محمود خان اچکزئی کو اشارہ دے دیا ہے کہ وہ مذاکرات کا عمل آگے بڑھائیں۔ ان کے مطابق وزیرِ اطلاعات بھی واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ محمود خان اچکزئی جو بات کریں گے، ہم اسے تسلیم کریں گے۔
اسلم گھمن کا کہنا تھا کہ جب خان صاحب خود فیصلہ کر دیں تو ان سے بڑا لیڈر کوئی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے حوالے سے اس کے علاوہ جتنے بھی بیانات دیے جا رہے ہیں، وہ کسی اہمیت کے حامل نہیں۔
پی ٹی آئی رکن اسمبلی نے مزید کہا کہ اس وقت صرف ایک ہی شخصیت ہے جس کے پاس اصل اختیار ہے اور وہ عمران خان ہیں۔ ان کے مطابق خان صاحب نے جب بات چیت کی اجازت دے دی ہے تو مذاکرات کا عمل اسی کے مطابق آگے بڑھے گا، چاہے پارٹی کے اندر سے کچھ بھی کہا جائے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos