سابق نگراں وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے لیے آج بولی کا عمل جاری ہے اور اس بولی میں کامیابی حاصل کرنے والا کوئی بھی ہو، اصل جیت پاکستان کی ہوگی۔
پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ قومی ایئرلائن کے شاندار ماضی کو بحال کرنے کے لیے ہر ممکن قربانی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی بحالی کے لیے ان کا تن، من اور دھن حاضر ہے۔
سابق وزیر کے مطابق بولی جیتنے والا کنسورشیم پی آئی اے کی سابقہ عظمت کو بحال کرے گا اور قومی ایئرلائن کے تاریخی سلوگن کو دوبارہ زندہ کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نجکاری کمیشن نے ملک کے بڑے کاروباری گروپس کو اس عمل میں شامل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں۔
گوہر اعجاز نے بتایا کہ نجکاری کمیشن کی جانب سے بزنس گروپس کو پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز اور انتظامی کنٹرول کی پیشکش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران پی آئی اے کو تقریباً 800 ارب روپے کے خسارے کا سامنا رہا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مالی مشکلات کے باعث قومی ایئرلائن شدید بحران کا شکار رہی، تاہم ایک محب وطن پاکستانی کے طور پر ان کے تمام وسائل قومی مفاد کے لیے حاضر ہیں۔ گوہر اعجاز نے امید ظاہر کی کہ پی آئی اے بہت جلد ترقی اور عظمت کی نئی اڑان بھرے گی اور پوری قوم ایک بار پھر قومی ایئرلائن پر فخر محسوس کرے گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos