ڈیرہ اسماعیل خان: کرک کے علاقے بامی بانڈہ گرُگرُی کے قریب پولیس موبائل پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 5 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس کرک اور سی ٹی ڈی کوہاٹ ریجن کے افسران و جوانوں نے موقع پر پہنچ کر دہشت گردوں کا تعاقب کیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے۔
ہلاک دہشت گردوں میں ایک کی شناخت عارف عرف ڈان کے نام سے ہوئی جو علاقے میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث و مطلوب تھا۔ شہدا میں ہیڈ کانسٹیبل شاہد زمان، کانسٹیبل عارف، سمیع اللّٰہ، صفدر اور محمد ابرار شامل ہیں۔
پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور علاقے میں مزید سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس فورس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے پرعزم ہے۔
ڈی پی او کرک سعود کا کہنا تھا کہ شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا، واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع کرک میں پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے 5 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور شہدا کی بلند درجات کی دعا کی۔ انہوں نے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos