آرٹ سٹی گیلری کراچی میں معروف مصور جی این قاضی کے فن پاروں کی5روزہ نمائش منعقد ہورہی ہے۔صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے افتتاح کیا۔فن پاروں کی نمائش کو محبت کی صدا کا نام دیا گیا ہے۔افتتاحی تقریب میں آرٹس کونسل وومن امپاورمنٹ کمیٹی کی چیئرپرسن چاند گل شاہ، معروف مصور شاہد رسام اور تنویر فاروقی سمیت فن مصوری سے وابستہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نمائش میں 21فن پارے رکھے گئے ہیں۔ کیوریٹر ایف ایس کراچی والا ہیں۔
جی این قاضی کے فن پاروں کی تھیم صوفی ازم سے متاثر ہے، انہوں نے معروف شاعر شاہ عبداللطیف بھٹائی کے مزار کو فن پاروں میں سمویا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی محمد احمد شاہ نے کہاکہ جی این قاضی نے سندھ کی تاریخی عمارتوں کے روحانی ٹچ کو فن پاروں میں سمویا ہے، فن پاروں میں فنکار نے لال پھولوں کو نیلا رنگ ڈال کر قدرت کے قریب کیا ہے۔ بحیثیت معاشرہ ہمارے درمیان جو تضاد ہے اس سے فنکار ناراض ہیں، فنکار پرانے زمانے والے معاشرے کو دکھا رہے ہیں جو امن اور محبت کا گہوارہ ہوا کرتا تھا، اس میں انہوں نے پھول بھی بنائے، فنکار نے اپنے فن پاروں میں گھنٹی کا بھی استعمال کیا ہے جو ہمارے مزاروں میں بھی ہوتی ہے اور ہندوو ں کے مندروں میں بھی اور ویسی ہی گھنٹی گورنر سندھ نے گورنر ہاو س کے باہر بھی لگائی ہے، میں فنکار کو مبارکباد دیتا ہوں۔
تصویری نمائش 27 دسمبر 2025تک جاری رہے گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos