لودھراں میں بچے سے بدفعلی کے مجرم کو عمر کی سزا

لودھراں(اُمت نیوز)لودھراں میں گیلے وال پولیس کی مؤثر تفتیش اور مضبوط پیروی کے نتیجے میں بچے سے بدفعلی کا مجرم سخت سزا پا گیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد ایاز نے ملزم مجاہد حسین کو عمر قید اور 15 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ گیلے وال پولیس نے 25 اکتوبر 2022 کو متاثرہ بچے کے والد عارف کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم مجاہد حسین نے پکوڑے بیچنے والے کے 9 سالہ بیٹے وارث کو بدفعلی کا نشانہ بنایا اور مزاحمت پر بچے کو شدید جسمانی تشدد کا بھی نشانہ بنایا۔

ایس ایچ او گیلے وال نعیم الرحمن نے بتایا کہ پولیس نے مقدمے میں تمام شواہد اکٹھے کر کے مکمل میرٹ پر چالان عدالت میں پیش کیا۔ مضبوط تفتیش اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر معزز عدالت نے ملزم کو قرار واقعی سزا سنائی۔

ڈی پی او لودھراں علی بن طارق نے عدالتی فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں سے زیادتی اور تشدد کے واقعات پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی پولیس کی ترجیح ہے۔

ڈی پی او نے بہترین تفتیش اور کامیاب پیروی پر ایس ایچ او گیلے وال نعیم الرحمن اور لیگل اسٹاف کو شاباش بھی دی اور کہا کہ پولیس آئندہ بھی ایسے سنگین جرائم میں بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔