ایبٹ آباد (نوید اکرم عباسی) ڈاکٹر وردہ مشتاق قتل کیس میں پولیس نے ایک اور اہم ملزم عادل ولد چن زیب کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم عادل نے دوران تفتیش بتایا کہ مقتولہ کی اشیاء اور بھاری مقدار میں اسلحہ کہاں چھپا ہوا ہے۔ اس کی نشاندہی پر پولیس نے ٹھنڈیانی لڑی بنوٹہ میں کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ کی لاش دفن کرنے کے علاوہ شمعریز کے مکان سے کئی اہم اشیاء برآمد کیں۔
پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی اشیاء میں ڈاکٹر وردہ کا موبائل فون، شناختی کارڈ، اے ٹی ایم کارڈ، گاڑی کا رجسٹریشن کارڈ، ایک عدد فوٹو، ایک گینتی اور بیلچہ شامل ہیں۔ مزید برآمد شدہ اسلحہ میں دو آر پی جی سیون (RPG-7) گولے، دو ہینڈ گرنیڈ، متعدد رائفلیں، میگزین، خنجر اور بارودی مواد شامل ہیں۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے راکٹ گولوں اور ہینڈ گرینیڈ کو محفوظ طریقے سے ڈیفیوز کر دیا۔
ایس پی انوسٹی گیشن ایاز خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس کیس میں پہلے چار ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں، جبکہ شمعریز نامی ملزم فرار ہوتے ہوئے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا تھا۔ گرفتار ملزم عادل کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے سات روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا۔
ملزمان کے خلاف 7ATA، 15AA اور ایکسپلوزو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos