مظفر آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے بھارت کو وہ سبق سکھایا ہے جو کہ وہ کبھی نہیں بھولے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق مظفرآباد میں طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مئی میں ہونے والی جنگ میں آزاد کشمیر کے لوگ بھی افواج پاکستان کی کامیابی کے لیے دعاگو تھے، مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بھائی بہن قربانیاں دے رہے ہیں، وہ وقت جلد آجائے گا جب کشمیر بنے گا پاکستان اور مقبوضہ کشمیر آزاد ہو گا۔
وزیر اعظم نے مزید کہا ہے کہ طلبہ کو دیئے جانے والے لیپ ٹاپ کوئی مشین نہیں یہ ایک وژن ہے، اگر لیپ ٹاپ دینا رشوت ہوتی تو کیا آج ہمارے نوجوان ڈاکٹر اور انجینئر بن سکتے تھے؟ آج تک ایک لیپ ٹاپ بھی سفارش پر نہیں دیا گیا، ہمیشہ میرٹ پر دیا گیا، وقت آگیا ہے کہ ہم محنت سے پاکستان کو ایک عظیم ملک بنائیں۔
اس موقع پر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی قیادت میں دفاعی اور سفارتی محاذ پر کامیابیاں حاصل کیں، حکومت کی مسلسل محنت سے پاکستان کا عالمی سطح پر وقار بلند ہوا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ لیپ ٹاپ ہماری نوجوان نسل کے لیے رابطے کا ذریعہ ہے، ہمیں مثبت کردار ادا کرنا ہوگا، وزیراعظم کی اس مہم سے ہمیں فائدہ اٹھانا چاہیے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos