آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں بابائے قوم کے یوم پیدائش کی مناسبت سے قائد اعظم محمد علی جناح کے پورٹریٹ پر مبنی نمائش NATIONAL ART EXHIBITION کا انعقاد احمد پرویز آرٹ گیلری میں کیا گیا۔ نمائش کا افتتاح معروف شاعر افتخار عارف نے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کے ہمراہ کیا۔افتتاحی تقریب میں ناصر عباس نیر، فرخ تنویر شہاب ، تنویر فاروقی ،شاہد رسام ، جی این قاضی ، اعجاز فاروقی ، فاطمہ حسن ،چاند گل شاہ سمیت فن مصوری سے شغف رکھنے والی معروف شخصیات کی شرکت کی ۔
کراچی آرٹس کونسل کی گیلری میں ملک بھر کے 20فنکاروں کے بابائے قوم کے پورٹریٹ دیکھنے والوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔اس نیشنل آرٹ نمائش میں راحت نوید مسعود، علی عظمت، عجب خان، ناصر شہزاد، کلیم خان، نصیب خان، فرخ شہاب، غلام عباس کمانگار، مہتاب علی، رستم خان، مزمل خان، عرفان حسن، محمد داراب، تنویر فاروقی، فیض سپرو، سمیرا جاوید، منور علی سید، شہزاد بلوچ، سندیپ کمار اور خالد خان کے بنائے ہوئے پورٹریٹ شامل ہیں۔
مہمان خصوصی افتخار عارف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ہر طرح کی ڈپلومیسی ہوتی ہے جو ڈپلومیسی دیرپا ہوتی ہے وہ ثقافت کی ہوتی ہے، کوئی شخص جو آپ کی ثقافت کا حصہ نہیں لیکن امن اور ثقافت کی زبان ضرور سمجھتا ہے۔قائد اعظم نے کہا تھا کہ آج کے بعد سے آزاد ملک کے برابر کے شہری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں کام کرنا اور رہنا مشکل ہو گیا تھا، اشاروں پر شہر بند ہو جاتا تھا، اس وقت ہم سب ایک چھت تلے جمع ہیں یہ ایک معجزہ ہے۔قائد اعظم کی تصاویر کی نمائش میں پورے پاکستان کے مصوروں نے اپنا کام بھیجا ہے ان میں بلوچی، سندھی، پنجابی اور پشتون مصور شامل ہیں۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ قائداعظم کے پورٹریٹ پر مبنی نامور مصوروں کا کام یہاں موجود ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos