پاکستان کی مسیحی برادری کوکرسمس پر دلی مبارکباد۔صدر اور وزیراعظم کے پیغامات

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار منا رہی ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے مسیحی شہریوں کو دلی مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرسمس امید، امن اور ہمدردی کا پیغام لے کر آتا ہے۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس موقع پر محبت اور انسانیت کی خدمت کا درس ہمیں ان گہرے رشتوں کی یاد دلاتا ہے جو تمام انسانوں کو ایک دوسرے سے جوڑتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ نے پاکستان کا ایسا وژن پیش کیا جو آزادی اور سب کےلئے برابری پر مبنی تھا۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کے مسیحی شہریوں نے سیاست، قومی دفاع، تعلیم، ادب، فنون لطیفہ، موسیقی، صحت، سماجی بہبود اور عوامی خدمت سمیت مختلف شعبوں میں اہم خدمات انجام دی ہیں، ان کی کاوشیں ہماری مشترکہ ترقی کو تقویت دیتی اور ہماری قومی زندگی کو مزید مالا مال کرتی ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ اس دن ہمیں ایس پی سنگھا سپیکر پنجاب لیجسلیٹو اسمبلی کے کردار کو بھی یاد رکھنا چاہیے جنہوں نے پاکستان کے حق میں فیصلہ کن ووٹ دیا، اسی طرح یہ دن ہمارے جنگی ہیرو سیسل چوہدری کو یاد کرنے کا بھی ہے جنہوں نے 1965ء کی جنگ میں نہایت خطرناک مشن کے دوران بھارتی طیاروں، اسلحہ اور ایندھن کے ڈپوئوں کو تباہ کیا اور اپنے طیارے کو شدید نقصان پہنچنے کے باوجود مشن مکمل کرکے بحفاظت واپس آئے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسیحی بھائی پاکستان میں فعال، مثبت اور پُرامن برادری کی حیثیت سے قابل قدر کردار ادا کررہے ہیں۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کرسمس پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ آج کرسمس کے پرمسرت اور بابرکت موقع میں عوام اور حکومت پاکستان کی جانب سے دنیا بھر اور بالخصوص پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، تمام اہل وطن کو اس تہوار کی روایتی خوشیاں مبارک ہوں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ دعاگو ہیں کہ یہ کرسمس مسیحی برادری اور ہمارے ملک کیلئے باعث امن و استحکام اور خوشحالی کی نوید ہو۔انہوں نے کہا کہ یہ دن پوری انسانیت کیلئے پیغام محبت، امن و رواداری اور خیرسگالی کے جذبات سے جڑا ہے۔ملکی سماجی و معاشی ترقی کیلئے مسیحی برادری کی مخلصانہ کاوشیں لائق تحسین ہیں، دہشتگردی کےخلاف جدوجہد میں پوری قوم کے شانہ بشانہ ان کی قربانیاں ہمارے لیے باعث فخر ہیں۔شہبازشریف نے مزید کہا کہ مسیحی برادری کی تعلیم، طب اور دیگر شعبوں میں بھی گراں قدر خدمات سماجی ہم آہنگی کے فروغ کا باعث ہیں، تمام شہریوں کیلئے بلاتفریق حقوق و آزادی کا تحفظ، پیشہ ورانہ ترقی کے یکساں مواقع حکومت کی ترجیح ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔