فوٹو بشکریہ مقامی میڈیا
فوٹو بشکریہ مقامی میڈیا

مذاکرات یا احتجاج، عمران خان نے اختیارات اچکزئی اور ناصر عباس کو دیدیے، سہیل آفریدی

پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے حکومت سے مذاکرات کرنے یا تحریک چلانے سمیت تمام اختیارات محمود خان اچکزئی اور سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس کو دے دیے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے جمرود کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ آئندہ سیاسی لائحہ عمل انہی قائدین کی مشاورت سے طے کیا جائے گا جبکہ بانی پی ٹی آئی کی دوسری اہم ہدایت اسٹریٹ موومنٹ کے حوالے سے ہے، جس پر عملی طور پر تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  انہیں وادی تیراہ میں کسی قسم کی نقل مکانی کا کوئی علم نہیں تاہم اطلاعات ملی ہیں کہ وادی تیراہ کے مقامی شہریوں سے زبردستی معاہدے لکھوائے گئے ہیں، جو ایک تشویش ناک امر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وادی تیراہ کے بے چارے شہریوں کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے، اگر اس حوالے سے کوئی معاملہ ان کے پاس آیا تو وہ ضرور بات کریں گے اور عوام کے حقوق کا تحفظ کریں گے لیکن تاحال وادی تیراہ میں کسی ممکنہ آپریشن کے حوالے سے کسی سرکاری شخص نے ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔

سہیل آفریدی نے ضم اضلاع کی ترقی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے ہی ضم شدہ اضلاع کے لیے ایک ہزار ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کر چکے ہیں، حکومت ضم اضلاع کو قومی دھارے میں لانے اور وہاں کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور سیاسی استحکام کے لیے تمام فیصلے مشاورت اور آئینی دائرے میں رہ کر کیے جائیں گے اور صوبے کے عوام کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔