براہ راست ٹی وی شو کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال کی ویڈیو کال اچانک منقطع ہونے کے واقعے پر وضاحتیں سامنے آنے کے باوجود سوالات بدستور موجود ہیں۔ نجی نیوز چینل پر اینکر وسیم بادامی کے پروگرام میں احسن اقبال پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات پر گفتگو کر رہے تھے کہ اچانک ایک نامعلوم شخص کی مداخلت کے بعد ویڈیو کال بند ہو گئی۔
نشریات کے دوران تقریباً 11 بج کر 16 منٹ پر احسن اقبال نے اچانک نظریں اٹھائیں اور اسی لمحے ایک آواز سنائی دی، “بند کرو، بند کرو اسے”، جس کے فوراً بعد موبائل فون سے جھپٹنے کی کوشش کی گئی اور کال منقطع ہو گئی۔ یہ منظر براہ راست ٹی وی پر نشر ہوا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔
بعد ازاں وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے ایکس پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ بچے غیر متوقع طور پر مطالعہ کے کمرے میں آ گئے تھے اور صورتحال مکمل طور پر ٹھیک ہے۔ اسی تناظر میں خود احسن اقبال نے بھی ایکس پر پیغام جاری کیا اور کہا کہ اس معاملے کو غیر ضروری طور پر نہ اچھالا جائے اور نہ ہی اسے کوئی سیاسی رنگ دیا جائے۔
دوسری جانب سینئر صحافی اجمل جامی کے ٹویٹ کے مطابق احسن اقبال کا کہنا ہے کہ گھر میں فیملی گیدرنگ کے باعث بچے پروگرام کے دوران کمرے میں آ گئے تھے، جس کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی۔
تاہم سوشل میڈیا صارفین اور سیاسی حلقوں کی جانب سے سوال اٹھائے جا رہے ہیں کہ ویڈیو میں سنائی دینے والی آواز اور کال بند ہونے کے انداز کی وضاحت اب بھی غیر تسلی بخش دکھائی دیتی ہے، جس کے باعث یہ معاملہ بدستور بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos