کل جماعتی حریت کانفرنس کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھارتی دبائو پر ایکس اکائونٹ پروفائل سے پارٹی چیئرمین کاعہدہ ہٹاناپڑا ہے۔
جمعہ کو عمرفاروق نے الزام لگایا کہ وہ حکام کی طرف سے اکاؤنٹ ختم کرنے کی دھمکی اور بار باردبائو ڈالے جانےکے بعد یہ تبدیلی کرنے پر مجبور ہوئے۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں، میرواعظ نے کہا کہ حکام نے ان سے اب کچھ عرصے کے لیےحریت چیئرمین ،بشمول عوامی ایکشن کمیٹی (AAC) سربراہ کے طور پر اپنے پروفائل میں ترمیم کرنے کے لیے کہا تھا، یہ دلیل دیتے ہوئے کہ حریت کانفرنس اوراس کی تمام ذیلی تنظیموں کو کالعدم قرار دیا گیا ہے۔میرواعظ نےلکھا کہ انہیں کہاگیا تھاکہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں میراایکس ہینڈل ختم کردیا جائے گا۔
اس اقدام کو ’جبری ہتھکنڈہ‘ قرار دیتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں محدودعوامی اظہار اور مواصلاتی ذرائع کے پیش نظر ان کے پاس کوئی چارہ باقی نہیں رہاتھا۔ ایسے حالات میں یہ پلیٹ فارم میرے پاس اپنے لوگوں تک پہنچنے اوربیرونی دنیا کے ساتھ اپنے خیالات کااشتراک کرنے کے لیے دستیاب بہت کم ذرائع میں سے ایک ہے۔
میرواعظ نے کہاکہ پلیٹ فارم تک رسائی کو برقرار رکھنا ان کے لیے عوام کے ساتھ رابطہ جاری رکھنے کے لیے بہت ضروری ہے۔چاہے اس کا مطلب حکام کے اس مطالبے کو ماننا ہو کہ اپنی سیاسی پوزیشن کو آن لائن کیسے ظاہر کرنا ہے۔
یہ وضاحت سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیوں کے دوران سامنے آئی جب صارفین نے دیکھا کہ میرواعظ کے ایکس پروفائل پربائیو میں حریت چیئرمین کے طور پر اندراج باقی نہیں۔
اس معاملے پر حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos