وزیراعظم آزادکشمیرکا اساتذہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنےکااعلان

مظفرآباد: وزیراعظم آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ اساتذہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے اور حکومت اس کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت ہر حکومت کی اولین ترجیحات ہیں اور اساتذہ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نسلِ نو کو جدید تقاضوں کے مطابق تیار کریں۔ وزیراعظم نے اساتذہ کی معاشی مشکلات کے خاتمے اور تدریسی عمل کو مؤثر بنانے کو حکومت کی ترجیحات میں شامل قرار دیا۔

انہوں نے آزاد جموں و کشمیر اسکول ٹیچرز آرگنائزیشن کے کنونشن “استاد: بطور فکری و نظریاتی محافظ” سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ معاشرے کی اصلاح اور قوم کے معمار ہیں، اسلام میں استاد کا بلند مقام ہے، اور حکومت اساتذہ کی معاشی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے۔ وزیراعظم نے انتقامی تبادلوں کی مخالفت اور خود احتسابی پر زور دیا اور کہا کہ عوام کا اعتماد حکومت کی اصل طاقت ہے۔

موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید نے کہا کہ استاد ریاست کا اصل سفیر ہے اور نسلِ نو کی تربیت میں ان کا کردار بنیادی ہے۔ وزیر حکومت چوہدری رشید نے اساتذہ کی خدمت کو صدیقۂ جاریہ قرار دیا اور بانیٔ پاکستان قائداعظم کا یومِ ولادت مناتے ہوئے الحاقِ پاکستان کے داعی رہنے کا عہد دہرایا۔

کانفرنس میں مظفرآباد، باغ، سدھنوتی، پونچھ، کوٹلی، میرپور، نیلم، حویلی اور جہلم ویلی سے اساتذہ تنظیموں کے نمائندگان سمیت تحصیل، ضلعی، ڈویژنل اور مرکزی قیادت نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔