فوٹو سوشل میڈیا
فوٹو سوشل میڈیا

پولیس نے وزیراعلیٰ کے پی کے قافلے کو راوی ٹول پلازہ پر روک لیا

پشاور: وزیراعلیٰ کے پی کی قیادت میں قافلہ  لاہور راوی ٹول پلازہ پر  پہنچ گیا،سہیل آفریدی کی گاڑیاں گزار کر تحریک انصاف کا باقی قافلہ موٹروے پر ہی روک لیا گیا۔

وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے بھی اپنی گاڑیاں ٹول پلازہ کراس کرتے ہی روک دیں،پولیس کی بھاری موجود ہے، گاڑیوں کو روک رکھا ہے کسی کو آگے جانے کی اجازت نہیں دے رہے۔

قبل ازیں   پنجاب پولیس نے ان کی آمد پر چکری ریسٹ ایریا سیل کردیا، وزیراعلیٰ نے بیرا ریسٹ ایریا پہنچ کر نماز ادا کی اور روانہ ہوگئے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا لاہور کے دو روزہ دورے کے لیے روانہ پشاور سے روانہ ہوئے، روانگی سے قبل وزیراعلی نے دعائے خیر کی، معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان اور صوبائی وزیر مینا خان بھی ان کے ہمراہ ہیں، وزیراعلی سہیل آفریدی آج رات لبرٹی چوک میں کارکنوں سے خطاب کریں گے۔

 ایریاز سیل کرنے کا مطلب حکومت خوفزدہ ہے، وزیراعلیٰ

پنجاب پولیس نے چکری کے مقام پر قیام و طعام کے لیے مختص ایریا کو سیل کردیا۔ اس پر وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے کہا کہ پنجاب حکومت اس قدر خوفزدہ ہے کہ قیام و طعام کا ایریا بھی بند کر دیا، ہم شروع دن سے کہتے آ رہے ہیں کہ یہ لوگ عوام کے منتخب نمائندے نہیں ہیں، قیام و طعام کے مقامات سیل کرنا خوف کی واضح علامت ہے، عوامی نمائندوں کا راستہ روکنا دراصل عوام کی آواز دبانے کی ناکام کوشش ہے، جنہیں عوام کا سامنا کرنے کا حوصلہ نہ ہو وہی سڑکیں اور سہولتیں بند کرتے ہیں، اقتدار کے سہارے عوامی حقوق سلب کرنا جمہوریت نہیں کھلی آمریت ہے، عوام جان چکے ہیں کہ خوف زدہ حکمران بند دروازوں کے پیچھے فیصلے کرتے ہیں۔

کے پی کے معاون خصوصی اطلاعات شفیع جان نے کہا کہ وزیراعلیٰ منتخب پارلیمنٹیرینز کے ہمراہ دورہ لاہور کی جانب رواں دواں ہیں، پنجاب پولیس نے چکری کے مقام پر وزیر اعلی کا راستہ روکا، دورے میں رکاوٹیں کھڑی کرنا افسوسناک ہے، حسن ابدال اور چکری میں کارکنوں کے شاندار استقبال سے پنجاب حکومت خوفزدہ ہو گئی، پنجاب پر زبردستی مسلط حکومت آمریت کا مظاہرہ کر رہی ہے، پنجاب حکومت حوصلہ رکھے، ابھی وزیراعلیٰ سہیل آفریدی لاہور پہنچے بھی نہیں۔

شفیع جان نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے استقبال کے لیے لاہور میں کارکنوں کا جوش و جذبہ عروج پر ہے،  پنجاب حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہم خوفزدہ نہیں ہوں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل فریدی دو روزہ دورے پر لاہور روانہ ہوئے ہیں، سہیل فریدی آج پنجاب اسمبلی پہنچیں گے جہاں وہ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی سے ملاقات کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔