محترمہ بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قائد شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

اس موقع پر سندھ بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ گڑھی خدا بخش میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ برسی کے سلسلے میں 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں اور داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

خاتونِ اول آصفہ بھٹو نے گڑھی خدا بخش میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے مزارات پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار اور دیگر سیاسی رہنما بھی گڑھی خدا بخش پہنچے جہاں انہوں نے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

برسی کے موقع پر جیالوں کی بڑی تعداد گڑھی خدا بخش میں موجود ہے۔ میئر سکھر کی قیادت میں پیدل قافلہ بھی گڑھی خدا بخش کے لیے روانہ ہوا۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور صدر مملکت آصف علی زرداری برسی کے مرکزی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

دوسری جانب راولپنڈی کے لیاقت باغ میں بھی بے نظیر بھٹو کی جائے شہادت پر کارکنوں اور شہریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جہاں فاتحہ خوانی کی گئی اور شہید قائد کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔