نئے بلدیاتی نظام کے تحت راولپنڈی شہر کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔مجوزہ طورپریہ راول ٹاؤن ون اور راول ٹاؤن ٹو ہوں گے یا کوئی اور نام بھی رکھاجاسکتاہے۔
شہر اب دو ٹاؤنز پر مشتمل ہوگا،دونوں کا اپنااپنا میئراورکل چار ڈپٹی میئر ہوں گے۔مری روڈ کے ساتھ ڈویژن بنائی گئی ہے، ایک طرف کی تمام یونین کونسلیں ٹاؤن ون میں شامل ہیں، دوسری جانب کی یونین کونسلیں ٹاؤن ٹو کے تحت آئیں گی۔۔ اس نظام کے تحت ضلع کونسل اور میونسپل کارپوریشن کا فریم ورک مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق نئے بلدیاتی ڈھانچے کے تحت ضلع راولپنڈی کو سات ٹاؤنز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
دیہی یونین کونسلوں پر مشتمل الگ پوٹھوہار ٹاؤن بنایا جائے گا۔ اسی طرح ضلع کی دیگر تحصیلوں کو ٹاؤنز قرار دیا جائے گا جن میں کلر سیداں، کہوٹہ، گوجر خان اور ٹیکسلا شامل ہیں۔نئے نظام کے تحت ضلع کونسل مستقل طور پر ختم ہو جائے گی راولپنڈی میونسپل کارپوریشن کا وجود بھی ختم ہو جائے گا۔ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہوتے ہی نیا ٹاؤن بیسڈ سسٹم فعال ہو جائے گا۔اس نظام کے تحت یونین کونسلوں کی بھی تنظیم نو کی جائے گی۔یونین کونسلوں میں وارڈ سسٹم ختم کر دیا گیا ہے اور اب ہر کونسلر پورے یونین کونسل حلقے کی نمائندگی کرے گا۔ منتخب ہونے کے بعد، تمام کونسلرز- بشمول لیبر کونسلرز- اپنے چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب اکثریتی ووٹ کے ذریعے کریں گے۔
پنجاب میں، نئے سال کی پہلی ششماہی، ممکنہ طور پر اپریل یا مئی میں غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کرانے پر سنجیدگی کے ساتھ غور کیا جا رہا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos