نئے سال پرسائبر نوسر بازی کے خلاف الرٹ جاری۔سی سی ڈی بھی میدان میں آگئی

نئے سال پر شہریوں کو نوسربازوں کے خلاف الرٹ جاری کیا گیاہے۔ سائبرکرائم انویسٹی گیشن کا کہناہے کہ شہرینئے سال کے نام پر فراڈ سے بچیں۔جعلی اور دھوکا دینے والے لنکس کے حوالے سے جاری الرٹ میں عوام کو بتایا گیا ہے کہ نئے سال کی آمد پر مبارکباد کے لنکس اور جعلی تحائف کے پیغامات چل رہے ہیں۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ اس طرح کے لنک پرکلک نہ کریں، واٹس ایپ کوڈ بھی شیئر نہ کریں۔دریں اثنا
پنجاب حکومت نے آن لائن وارداتیں کرنے والے منظم گروہوں کیخلاف سی سی ڈی کو نئی ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔، سی سی ڈی آن لائن، الیکٹرانک ڈیوائسز کے ذریعے لوٹ مار کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرے گی۔
سی سی ڈی ترجمان کے مطابق معصوم شہری آن لائن وارداتوں کے ذریعے زندگی بھر کی کمائی سے محروم ہوجاتے ہیں، تنخواہ دار اور کاروباری طبقہ ملزمان کا آسانی سے نشانہ بن رہے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان بینظیر انکم سپورٹ حاصل کرنے والوں کو بھی لوٹ لیتے ہیں، شارٹ ٹرم اغوا برائے تاوان کی کارروائیاں بھی ہوتی ہیں، مقدمات کا اندراج بھی نہیں ہوتا۔

سی سی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ عوام کی جمع پونجی لوٹنے والے ملزمان کیخلاف بھرپور ایکشن لیا جائے گا، آن لائن فراڈ پر منظم جرائم پیشہ افراد کی جائیدادوں کی قرقی کیلئے بھی قانونی کارروائی ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔