شدید دھند،موٹرویز کے مختلف سیکشنز ٹریفک کے لیے بند

سینٹرل ریجن میں شدید دھند کے باعث موٹرویز کے مختلف سیکشنز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک دھند کے باعث بند ہے، جبکہ موٹروے ایم تھری فیض پور سے درخانہ تک اور موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے خانیوال تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ اسی طرح لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم الیون پر بھی دھند کے باعث آمد و رفت معطل ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر لاہور، پتوکی، اوکاڑہ اور ساہیوال سمیت متعدد علاقوں میں دھند چھائی ہوئی ہے، جبکہ چیچہ وطنی، اقبال نگر، میاں چنوں، خانیوال، ملتان اور بہاولپور میں حد نگاہ شدید متاثر ہو رہی ہے۔ بعض مقامات پر حد نگاہ صفر سے 100 میٹر تک ریکارڈ کی گئی ہے۔

موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے تمام روڈ یوزرز کو لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں۔ دھند میں محفوظ سفری اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک قرار دیے گئے ہیں۔ ڈرائیورز کو فوگ لائٹس استعمال کرنے، تیز رفتاری سے اجتناب کرنے اور آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

مزید رہنمائی یا مدد کے لیے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ موٹروے پولیس سنٹرل ریجن صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔