پاکستان اور بنگلہ دیش میں جنوری سے براہ راست پروازیں شروع ہونے کی توقع ہے۔ڈھاکہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ آئندہ ماہ جنوری سے دونوں ملکوں کے درمیان براہ راست پروازیں شروع ہو سکتی ہیں۔ ہائی کمشنر عمران حیدر نےمحمد یونس سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔چیف ایڈوائزر محمد یونس نے پاکستان کے ہائی کمشنر سے ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک بیان میں کہا کہ دونوں ملکوں میں تجارت، سرمایہ کاری اور ایوی ایشن کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات زیر غور آئے۔پروفیسر محمد یونس نے باہمی رابطوں کی رفتار کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ سارک ممالک، بشمول پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دورے اور عوامی تبادلے کو بڑھانا اہم ہے۔
بیان کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ ڈھاکا اور کراچی کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز جنوری میں متوقع ہے، جو نہ صرف مسافروں کے لیے سہولت فراہم کرے گا بلکہ تجارتی اور ثقافتی روابط میں بھی نمایاں اضافہ کرے گا،دونوں ممالک کے درمیان کاروبار اور سفر میں سہولت پیدا ہوگی۔دونوں فریقوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ ثقافتی، تعلیمی اور طبی تبادلوں میں اضافے سے پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام کے درمیان اعتماد اور قربت میں مزید اضافہ ہوگا۔
ہائی کمشنر عمران حیدر نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں دوطرفہ تجارت میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے، اور دونوں ممالک کے کاروباری حلقے نئی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹرانسپلانٹ سے متعلقہ طبی شعبوں میں تربیت اور تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos