راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، کارروائی فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی حمایت یافتہ 5 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے، فائرنگ کے تبادلے میں میجر عدیل زمان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید میجر عدیل زمان کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے باجوڑ کے علاقے میں بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر عدیل زمان کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہید میجر عدیل زمان نے دلیری سے 5 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، میجر عدیل زمان نے جان دے کر بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہید میجر عدیل نے اپنے خون سے شجاعت اور جرات کی تاریخ لکھی، شہید میجر عدیل جیسے بہادر سپوتوں پر قوم کو ناز ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ قوم شہدا اور ان کے خاندانوں کے قرض کو کبھی نہیں اتار سکتی، وزیرداخلہ نے شہید میجر عدیل کے خاندان سے ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔
میجر عدیل زمان شہید کی نماز جنازہ ادا، فیلڈ مارشل و دیگر کی شرکت
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عدیل زمان شہید کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر داخلہ، کور کمانڈر پشاور، فوجی اور سول افسران اور عوام نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے میجر عدیل زمان شہید کی قربانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے شہداء قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی، میجر عدیل زمان شہید نے مردانہ وار قیادت کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور یہ قربانیاں ان کے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
بعد ازاں فیلڈ مارشل نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا اور آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے افسران اور جوانوں کی عیادت کی اور ان کے حوصلے اور استقامت کو سراہا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos