وزیر اعظم کی روسی صدر کی رہائش گاہ کو نشانہ بنانے کی مذمت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی سرکاری رہائش گاہ کو نشانہ بنانے کے واقعے کی سخت مذمت کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ایسے اقدامات عالمی امن اور سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور پاکستان روسی صدر، حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی کارروائی کو مسترد کرتا ہے اور اپنے موقف کا اعادہ کرتا ہے۔

واضح رہے کہ روس نے الزام عائد کیا ہے کہ یوکرین نے نووگورود ریجن میں صدر پیوٹن کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف کے مطابق 28 اور 29 دسمبر کے درمیان یوکرین کی جانب سے 91 لانگ رینج ڈرونز استعمال کیے گئے، تاہم حملے کے وقت صدر پیوٹن وہاں موجود نہیں تھے۔

دوسری جانب یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے روس کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس امن مذاکرات کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے اور اپنی کارروائیوں کا جواز بنانے کے لیے یہ دعوے کر رہا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری، خصوصاً امریکا سے روس کی دھمکیوں پر مناسب ردعمل دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔