فائل فوٹو
فائل فوٹو

نیو ایئر جشن کیلیے مخلوط پارٹیوں کی تیاریاں مکمل

اقبال اعوان :
کراچی میں نئے سال کے جشن کیلئے ساحلی علاقوں کے ہٹس، فارم ہائوس اور ڈیفنس کلفٹن کے بنگلوں میں تیاریاں شروع کر دی گئیں۔ سیکورٹی خدشات کے باوجود مخلوط ڈانس پارٹیوں کی بکنگ سوشل میڈیا پر دھڑے سے جاری ہے۔ ان پارٹیوں کیلئے ملکی و غیر ملکی شراب اور منشیات بھی جمع کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ ہر سال 31 دسمبر کی درمیانی شب نیوایئر کے جشن کے نام پر بے ہودگی کا بازار گرم ہوتا رہا ہے۔ پولیس ان ڈانس پارٹیوں پر چھاپے بھی مارتی رہی ہے، جو نمائشی طرز کے ہوتے۔ علاقے کی پولیس ان پارٹیوں کے حوالے سے باخبر ہوتی ہے، لیکن باقاعدہ بھتہ وصولی کے بعد ان پارٹیوں کو کھلی چھوٹ دے دی جاتی ہے۔ بعض جگہوں پر اعلیٰ افسران اور بڑے سیاست دانوں کے بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کی غرض سے پولیس کڑی نظر رکھتی ہے۔ جوں جوں نیو ایئر کے فنکشنز کی رات قریب آرہی ہے۔

سوشل میڈیا پر پارٹیوں کے حوالے سے بھرمار ہو چکی ہے۔ کراچی میں بڑے ہوٹلوں میں بھی ڈانس پارٹیاں منعقد کی جاتی ہیں۔ کراچی میں نئے سال کا جشن جہاں موٹر سائیکل کے سیلنسر نکال کر شور کر کے، آتش بازی، ہوائی فائرنگ کر کے یا ساحل سمندر پر جاکر ہلا گلا کر کے منانا ضروری سمجھا جاتا ہے۔ وہیں اس رات دھڑلے سے بے ہودگی کا بازار بھی گرم ہوتا ہے۔ مبارک ویلیج سے دو دریا تک شہری جاتے ہیں۔ جہاں منظم انداز میں مخلوط پارٹیاں ارینج کی جارہی ہیں۔ ہاکس بے اور سینڈزپٹ سمیت دیگر ساحلی علاقوں کے ہٹس میں پارٹیاں رکھی جاتی ہیں۔ شہر کے مضافاتی علاقوں بالخصوص گڈاپ اور دیگر مقامات کے فارم ہائوس میں بھی پارٹیاں رکھی جاتی ہیں۔ جبکہ ڈیفنس اور کلفٹن کے بعض بنگلوں میں ہونے والی پارٹیوں کے خلاف پولیس بے بسی ظاہر کرتی ہے۔ ایسے میں سیکورٹی خدشات لاحق ہیں اور سیکورٹی ادارے شہر میں بڑے پیمانے پر شہریوں کے رات کو نکلنے کے دوران ان کی حفاظت پر مامور ہوتے ہیں۔ رات 9 بجے سے رات گئے تک شہر کی سڑکوں، شاہراہوں، ساحلی علاقوں، کلفٹن، دو دریا، سی ویو اور دیگر مقامات پر لوگوں کا رش ہوتا ہے۔ اس دوران ہوائی فائرنگ، آتش بازی سمیت غیر قانونی کاموں پر پابندی صرف دعوے تک محدود رہتی ہے۔

’’امت‘‘ کو دستیاب معلومات کے مطابق ڈانس پارٹیوں کو ارینج کرنے والے دسمبر کے مہینے کے آخری ہفتے میں سرگرم ہو جاتے ہیں۔ بکنگ کیلئے سوشل میڈیا کا استعمال بھی جاری ہے۔ جوڑے کی صورت میں آنے والوں کو انٹری فیس، نشے کی اشیا شراب، چرس، کرسٹل اور دیگر منشیات فراہم کی جاتی ہے۔ سوشل میڈیا پر ارینج کرنے والوں سے پارٹیوں میں جانے والے رابطے میں رہتے ہیں۔ علاقے کی پولیس اور دیگر نفری کو خصوصی ہدایات ہوتی ہیں کہ مخلوط ڈانس پارٹیاں نہ ہوں۔ تاہم ساحلی ہٹس، ڈنفس، کلفٹن کے بنگلوں میں اور فارم ہائوسز میں پولیس اپنے بعض اعلیٰ افسران اور بگڑے رئیسوں کے بچوں کو سیکورٹی فراہم کرتی نظر آتی ہے کہ ہر سال جوڑوں کے درمیان جھگڑے، نشے میں دھت ہوکر غل غپاڑہ کرنے والوں پر نظر رکھنا ہوتی ہے۔ جہاں پارٹی ارینج کرنے والوں کو فائدہ ہوتا ہے۔ وہیں لاکھوں روپے کی شراب سمیت دیگر منشیات فروخت ہوتی ہے۔

پولیس اکثر گڈاپ، ملیر، شاہ لطیف ٹائون، معمار، کاٹھور سمیت دیگر فارم ہائوسز کے مقامات پر کارروائی کرتی ہے۔ لیکن یہ کارروائی نمائشی ہوتی ہے کہ مک مکا کرکے چھوڑ دیا جاتا ہے۔ زیادہ تر سیٹنگ کر کے پارٹیاں کی جاتی ہیں اور ہر سال کی طرح اس بار بھی سوشل میڈیا پر بکنگ کا بازار گرم ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔