اسلام آباد میں گاڑیوں کے داخلے کے لیے ایم ٹیگ لگوانے کی آج آخری تاریخ ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق آج کے بعد ایم ٹیگ کے بغیر گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی جائیں گی۔
اب تک ایک لاکھ سے زائد گاڑیوں پر ایم ٹیگ نصب کیا جا چکا ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے ایم ٹیگ سینٹرز میں عملے کی تعداد اور سٹاک میں اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ گاڑیوں کو بروقت ایم ٹیگ فراہم کیا جا سکے۔ 14 نومبر سے اب تک ایم ٹیگ لگوانے والی گاڑیوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے بتایا کہ یکم جنوری سے شہر کے مختلف انٹری پوائنٹس پر بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کو روکنے کا سلسلہ شروع ہوگا۔ اس مقصد کے لیے بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کی نشاندہی کرنے والے ٹیگ ریڈرز بھی یکم جنوری سے مکمل طور پر فعال کر دیے جائیں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ کارروائی سے بچنے کے لیے بروقت اپنی گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگوا لیں تاکہ مستقبل میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos