بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم بیگم خالده ضیا کی آخری رسومات کے موقع پر ڈھاکہ میں پاکستان کے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور بھارت کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کے درمیان مختصر مگر اہم ملاقات ہوئی۔
مئی میں پاک بھارت کشیدگی اور جنگ کے بعد یہ دونوں ممالک کے اعلیٰ نمائندوں کے درمیان پہلا براہِ راست اور اعلیٰ سطح رابطہ ہے۔
بیگم خالده ضیا کے گھر اور بعد ازاں جنازے کے موقع پر سردار ایاز صادق اور ڈاکٹر جے شنکر کی ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور رسمی خیرسگالی کا تبادلہ کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر خود چل کر ایاز صادق کی نشست پر آئے اور ہاتھ بڑھا کر مصحافہ کیا، جس پر ایاز صادق نے مسکراتے ہوئے سلام کیا اور خیریت دریافت کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوا اور چند لمحوں کی غیر رسمی گفتگو بھی ہوئی، جسے سفارتی آداب کے دائرے میں ایک مثبت اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اگرچہ یہ ملاقات کسی باضابطہ مذاکرات کا حصہ نہیں تھی، تاہم اس نے تقریب میں موجود دیگر وفود کی توجہ ضرور حاصل کی۔
سفارتی مبصرین کے مطابق اگرچہ ملاقات مختصر تھی، تاہم اس کی علامتی اہمیت غیر معمولی ہے کیونکہ یہ مئی میں پاک بھارت کشیدگی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلا اعلیٰ سطح رابطہ ہے۔
ھاکہ میں ہونے والا یہ مصافحہ علامتی نوعیت کا ہے، تاہم جنوبی ایشیا کے تناؤ زدہ ماحول میں اسے مثبت اور خوش آئند اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos