تصویر: سوشل میڈیا

ملکہ کوہسار نے سفیدتاج پہن لیا۔گلیات میں برف باری،عام ٹریفک کامری میں داخلہ بند

سال نوشروع ہوتے ہی مری اور گلیات میں برف باری کا آغاز ہوگیا۔سیاح خوشی سے جھوم اٹھے اور حسین مناظر کی تصاویر و ویڈیوز بنانے میں مصروف دکھائی دیے۔ سوشل میڈیاپر بڑی تعدادمیں وڈیوزشیئرکی گئی ہیں جن میں مقامی شہریوں اور سیاحوں کو برف کے گرتے گالوں کے منظرسے لطف اندوزہوتے دیکھاجاسکتاہے۔وادیوں میں سفید چادر بچھ گئی۔

نجی ٹی وی کے مطابق ملک بھر سے بڑی تعداد میں سیاح نیو ایئر منانے اور برفباری سے لطف اندوز ہونے کے لیے مری پہنچ گئے۔پھلگراں ٹول پلازہ اور سترہ میل ٹول پلازہ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے سیکڑوں گاڑیوں کو روک دیا گیا۔

انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات شہریوں اور سیاحوں کی حفاظت کے پیش نظر کیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنرمری نے سوشل میڈیااکائونٹ پر اطلاع دی کہ سیاحتی مقام مری میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ نیو ایئر پر سرد موسم اور برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ تمام متعلقہ ادارے راستوں کی کلیئرنس اور ٹریفک کی روانی میں مصروف ہیں۔ شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور برف باری کے دوران ضروری احتیاطی تدابیر لازمی اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔

نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس کے مطابق اسلام آباد مری ایکسپریس وے پر شدید برف باری کے باعث ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پھلگراں ٹال پلازہ سے مری کی طرف جانے والی عام ٹریفک کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔مقامی آبادی اور ایمرجنسی ٹریفک کے لیے این-75 فی الحال کھلی ہے۔عوام الناس سے اپیل کی جاتی ہے کہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ ٹریفک کی آمدو رفت کو بحال کرنے کے لئے این ایچ ایم پی کے افسران اور این ایچ اے کا متعلقہ عملہ مع ضروری آلات و مشینری سڑک سے برف کو ہٹانے میں مصروف عمل ہے۔
سوشل میڈیااطلاعات کے مطابق نتھیاگلی میں صبح 4بجے تک 4 انچ برف باری ہوچکی تھی۔مری آنے والے سیاحوں کو روک لیا گیا ،جس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔