اسلام آباد: ملک میں خام تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لئے گئے۔وزیراعظم کی خیبرپختونخوا میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت پر قوم کو مبارکباددیدی
نجی ٹی وی کے مطابق او جی ڈی سی نے خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں نشپا بلاک سے تیل و گیس کی دریافت کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ نے کہا کہ براگزئی ایکس ون کنویں سے یومیہ 4 ہزار ایک سو بیرل تیل حاصل ہوگا، کنویں سے ساڑھے 10ملین کیوبک فٹ یومیہ گیس کی پیداوار حاصل ہوگی۔
ترجمان او جی ڈی سی ایل کے مطابق براگزئی ایکس ون کنواں 5 ہزار 170میٹرگہرائی تک ڈرل کیا گیا، ڈاٹا فارمیشن میں ہائیڈرو کاربن سے 187 میٹر زون کی کامیاب نشاندہی ہوئی۔
نشپا بلاک میں او جی ڈی سی بطور آپریٹر 65، پی پی ایل 30 اور جی ایچ پی ایل 5 فیصدکے حصے دار ہیں، نئی دریافت سے ملکی اور او جی ڈی سی کے توانائی ذخائر میں مزید اضافہ ہو گا۔
ترجمان او جی ڈی سی نے کہا کہ مقامی وسائل کے فروغ سے ملک میں توانائی کی طلب و رسد میں بہتری آئے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں ناشپا بلاک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت پر قوم کو مبارک باد دی اور متعلقہ اداروں کے کام کی تعریف کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم ڈویژن کے امور پر اہم اجلاس ہوا جہاں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) نے پیٹرولیم اور گیس سیکٹر کے روڈمیپ کے حوالے سے بریفنگ دی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ناشپا بلاک میں تیل اور گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت پر قوم کو مبارک باد دی اور متعلقہ اداروں کے کام کی تعریف کی۔
اجلاس کی شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت ہماری ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کی مد میں خرچ ہونے والا زر مبادلہ بچایا جا سکے۔
وزیراعظم نے تیل و گیس سپلائی چین کو درآمد ہونے سے لے کر صارفین کے استعمال تک ترجیحی بنیادوں پر ڈیجیٹائز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تیل و گیس کی ترسیل کی سپلائی چین کی ڈیجیٹائزیشن سے ان مصنوعات کی اسمگلنگ کی روک تھام ممکن ہوگی اور قومی خزانے کو فائدہ پہنچے گا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) نے ضلع کوہاٹ میں ناشپا بلاک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائردریافت کر لیے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان ذخائر سے یومیہ 4100 بیرل تیل نکالا جا سکے گا، اس سال سردی کے موسم میں گھریلو صارفین کو پچھلے سال کی نسبت بہتر پریشر کے ساتھ گیس مہیا کی جا رہی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ آر ایل این جی کے کنکشنز پر تیزی سے کام جاری ہے اور جون 2026 تک 3 لاکھ 50 ہزار کنکشنز کا ٹارگٹ مکمل کرلیا جائے گا، شیوا گیس فیلڈ اور بٹانی گیس فیلڈ کے لیے پائپ لائنز کو کمیشن کیا جا چکا ہے جبکہ کوٹ پالک گیس فیلڈ سے پائپ لائن پر کام جاری ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos