پشاور میں پرائیویٹ ٹیکسیوں کو رجسٹرڈ کرنے، یکساں یونیفارم اور رنگ دینے، 100 سے زائد غیر قانونی ٹرانسپورٹ، چنگ چی اور تیز رفتار اڈوں کو فوری طور پر بند کرنے اور ان کے ذمے دار ٹھیکے داروں کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے۔
پشاور میں ٹریفک اژدہام پر قابو پانے اور شہریوں کو بہتر اور محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے کمشنر پشاور ڈویژن/ چیئرمین ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاض خان محسود کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے۔
فیصلوں کے مطابق ضلع پشاور میں چلنے والی تمام پرائیویٹ ٹیکسیوں کی محکمہ ایکسائز کے ساتھ رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ رجسٹرڈ ٹیکسیوں کو یکساں یونیفارم رنگ دیا جائے گا اور ان پر QR کوڈ پر مشتمل خصوصی اسٹیکرز آویزاں کیے جائیں گے۔ بغیر رجسٹریشن یا اسٹیکر کے چلنے والی ٹیکسیوں کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے چالان اور گاڑی ضبط کی جائے گی۔
اجلاس میں ضلع بھر میں قائم 100 سے زائد غیر قانونی ٹرانسپورٹ، چنگچی اور تیز رفتار اڈوں کو فوری طور پر بند کرنے اور ان کے ذمہ دار ٹھیکیداروں کو گرفتار کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔
چارسدہ روڈ اور کوہاٹ روڈ پر ٹریفک کی روانی میں بہتری کے لیے تمام غیر ضروری یوٹرنز بند کرنے اور تجاوزات کے خلاف میگا آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسی طرح ان سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والے بی آر ٹی اسٹیشنز کو کھلے مقامات پر منتقل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا بی آر ٹی مین روٹ پر غیر قانونی طور پر چلنے والے رکشوں، چنگچی اور لوڈرز کے خلاف کارروائی کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز، ٹریفک پولیس اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
مزید برآں، اندرون شہر اور اہم شاہراہوں پر رات 10 بجے سے قبل ٹرکوں، ٹریکٹر ٹرالیوں اور دیگر مال بردار گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے گی۔
پشاور موٹر وے کی جانب جانے والی ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے پولیس، کسٹمز، ایکسائز اور نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اپنی چیک پوسٹیں کھلے مقامات پر منتقل کریں اور ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔
اجلاس میں ممبر قومی اسمبلی آصف خان، ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثنا اللہ، چیف ٹریفک آفیسر زائد اللہ، سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ابرار وزیر سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا کہ پشاور میں ٹریفک اژدہام کے خاتمے کے لیے سخت اور فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ منظور شدہ فیصلوں پر بلا تاخیر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos