وینزویلا میں یکطرفہ کارروائیوں پرپاکستان کا اظہار تشویش

اسلام آباد: پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب عثمان جدون نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں وینزویلا میں حالیہ کارروائیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ یہ اقدامات عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرناک ہیں۔

عثمان جدون نے خطاب میں کہا کہ دنیا پہلے ہی متعدد بحرانوں کا شکار ہے، اور کیریبین خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی عالمی امن کے لیے نئے خطرات پیدا کر سکتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی اختلافات کا واحد پائیدار حل مکالمہ اور سفارت کاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق رکن ممالک کسی بھی ریاست کی علاقائی سالمیت یا سیاسی خودمختاری کے خلاف طاقت کے استعمال یا دھمکی سے باز رہیں، اور تنازعات کے حل کے لیے پرامن ذرائع اپنائیں۔ ان کے مطابق یکطرفہ فوجی کارروائی عالمی قانونی ڈھانچے کو کمزور کرتی ہے اور عدم استحکام کو فروغ دیتی ہے، جس کے غیر متوقع نتائج طویل مدتی خطرات پیدا کر سکتے ہیں۔

عثمان جدون نے کہا کہ وینزویلا کے عوام کی آزادی اور خودمختاری کا احترام لازمی ہے، اور خطے میں کشیدگی میں کمی، تحمل اور پُرامن بقائے باہمی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ ثالثی کی پیشکشوں اور مکالمے کے ذریعے سیاسی اختلافات کو پرامن طریقے سے حل کیا جائے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ لاطینی امریکہ اور کیریبین خطہ تصادم اور محاذ آرائی سے محفوظ رہے گا اور علاقائی تعاون اور خوشحالی کی جانب اپنا سفر جاری رکھے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔