پنجاب میں گھریلو استعمال کی سستی اور صاف گیس فراہم کرنے کامنصوبہ شروع

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے6بائیو گیس پلانٹس کی منظوری دے دی۔ لاہور میں 4اور فیصل آباد میں 2بائیو گیس پلانٹس سے پنجاب میں کلین انرجی کا عملی آغاز ہوگا۔

وزیراعلی مریم نواز شریف کی زیر صدارت کلین انرجی سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں کسانوں اور ماحول دوست انقلاب کیلئے بائیو گیس پلانٹس بنائے جائیں گے۔ سستی گھریلو توانائی کے ساتھ فصلوں کے لیے بائیو فرٹیلائزر بھی فراہم ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے سمال بائیو گیس پلانٹس کا قابل عمل منصوبہ طلب کر لیا اور ملٹی پل فیول بائیو ریفائنری کے لئے فیزیبلٹی سٹڈی کی منظوری دی۔ اس موقع پر لاہور میں ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مریم نواز شریف نے مثالی گائوں پروگرام میں بائیو گیس پلانٹس کے تین پائلٹ پراجیکٹس شامل کرنے کی منظوری دے دی۔ اجلاس کو بریفنگ میں
بتایا گیا کہ ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ سے الیکٹرک بس اور میٹرو بس کو سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔دریں اثناوزیر اعلیٰ کی زیرِ صدارت صوبے میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس پر تین گھنٹے طویل اجلاس منعقدہوا۔جنوبی پنجاب میں قلتِ آب نوشی سے متاثرہ اضلاع کے لیے بوتلوں میں پانی مہیاکرنے کا منصوبہ مکمل کرنے کی تاریخ مقررکردی گئی ہے۔صوبے کے شہروں میں سیوریج لائن گرین بیلٹ کے نیچے بچھانے،100سال کے لیے کارآمد پائپ نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام، لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام، مثالی گائوں، پی ایچ اے، صاف پانی اور دیہی روڈ منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ کو مثالی گائوں پراجیکٹ کے تحت بریفنگ کے دوران بتایاگیاکہ پہلے فیز میں 469دیہات میں واٹر سپلائی، ڈرینج، چلڈرن پارک، فٹ پاتھ اور سٹریٹ لائٹس لگیں گی۔شہریوں کی سہولت کے لیے سیوریج لائن سڑکوں کی بجائے گرین بیلٹ میں بچھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مین ہول بھی سڑک کے کناروں پر بنائے جائیں گے۔اجلاس میں ڈرینج اور سیوریج سسٹم کی پائیداری یقینی بنانے کیلئے 100 سال تک کار آمد HOPE سیوریج پائپ نصب کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے مزید 11اضلاع میں نئے پی ایچ اے قائم کر دیئے گئے،ان کی مجموعی تعداد 21ہوگئی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپنی چھت، اپنا گھرکے تحت 155ارب روپے کے 121477قرضے جاری ہوچکے ، 65ہزار گھر بن چکے ہیں۔ روزانہ 700مکان بن رہے ہیں۔ قسطوں کی مد میں 5.15ارب روپے وصول ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گلیوں اور سڑکوں میں کھدائی کرکے کھلا چھوڑنے پر برہمی کا اظہار کیا اورعوام کو درپیش مسائل کے پیش نظر سڑکوں میں سیوریج یا تعمیر ومرمت کی فوری تکمیل کی ہدایت کی۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب کے 52شہروں میں 204ارب روپے کی لاگت سے تعمیر و مرمت اور بحالی کے پراجیکٹس 22فروری تک شروع ہوں گے۔ روڈ بحالی کے1529پراجیکٹس کے تحت 4031کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر ومرمت کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سڑکوں میں کھدائی سے تکلیف پر عوام سے معذرت خواہ ہیں۔اجلاس میں ویسٹ واٹر ٹرٹیمنٹ پلانٹ کا بھی تفصیلی جائزہ جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے خراب پانی والے علاقوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹ ترجیحی بنیادوں پر لگانے کا حکم دیا۔ اجلاس میں واٹر بوٹلنگ پلانٹس اور فلٹریشن پلانٹس کی تعمیر وبحالی 30جون تک مکمل کرنے کا ہدف مقررکیا گیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ ڈی جی خان، خوشاب، رحیم یار خان اور بہاولپور میں دور سے پانی لانے پر مجبور عوام کو گھر کی دہلیز پر بوتل واٹر ملے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔