چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے اسلام آبادمیں خصوصی یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد میں خصوصی تحفظ کے یونٹ کے قیام کا اعلان کیاہے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ چینی باشندوں کی حفاظت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے یہ اعلان بیجنگ میں چین کی وزارت پبلک سیکورٹی کے ہیڈکوارٹر زکے دورے میں کیا، جہاں ان کا استقبال چینی وزیر داخلہ وانگ شیاہونگ نے کیا۔ دونوں نے پاک چین تعلقات، انسداد دہشت گردی تعاون، پولیس ٹریننگ کے تبادلے اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں کا احاطہ کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی ہم منصب سے ملاقات میں کہا کہ چینی اے آئی ٹیکنالوجی سے انسداد دہشت گردی اور بڑھتے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔

وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر محسن نقوی اور چینی وزیر داخلہ کے درمیان ساڑھے تین گھنٹے تک ملاقات جاری رہی۔بیان کے مطابق اس طویل ملاقات میں دونوں وزرائے داخلہ نے انسداد دہشت گردی، پولیس ٹریننگ ایکسچینج پروگرام اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر بات چیت کی۔اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان نہ ٹوٹنے والا تعلق اور دیرپا تعاون ہے اور ہمارے بیچ کوئی بھی دراڑ نہیں ڈال سکتا۔

پاکستان اور چین کے وزرائے داخلہ نے ملاقات میں سکیورٹی چیلنجز پر بھی بات کی جبکہ چینی وزیر داخلہ نے چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔بیان کے مطابق چینی وزیر داخلہ نے انسداد دہشت گردی اور داخلی سکیورٹی سے متعلق پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔محسن نقوی نے کہا کہ انسداد دہشت گردی اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے چینی اے آئی بیسڈ ٹیکنالوجی سے بہت مدد مل سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ہم نے چینی شہریوں اور مشترکہ منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہر سطح پر سخت اقدامات کیے ہیں، اس مقصد کے لیے اسلام آباد میں ایک خصوصی تحفظ یونٹ قائم کیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔