بھارت دہشت گردی پر من گھڑت بیانیہ حقائق چھپا نہیں سکتا،دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ مئی کے تنازع میں جنگ بندی کے لیے بھارت نے تیسرے ملک کی مداخلت کرائی اور پاکستان میں ماورائے عدالت کارروائیاں کیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے دیگر ممالک کے داخلی امور میں بھی مداخلت کی ہے۔

ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ بھارت کا دہشت گردی پر بیانیہ اور پاکستان کے خلاف جارحیت حقائق کو چھپا نہیں سکتی۔ بھارت خطے میں امن کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرتا رہا ہے اور پاکستان میں دہشت گردی کے لیے کلبھوشن جیسے آپریٹوز استعمال کیے گئے۔ مطلوب مجرموں کو بھارت میں محفوظ پناہ گاہیں فراہم کی گئیں اور وہاں اقلیتوں کو بڑھتی ہوئی ہراسانی کا سامنا ہے۔

ترجمان نے مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں سیاسی رہنما اور سول سوسائٹی کے افراد کی گرفتاریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سینئر کشمیری رہنما شبیر شاہ اور خاتون رہنما آسیہ اندرابی طویل عرصے سے بھارتی حراست میں ہیں۔ دیگر کشمیری رہنما دہائیوں پر محیط قید بھگت رہے ہیں اور یاسین ملک کو جعلی مقدمے میں سزا سنائی گئی۔ کشمیری صحافی عرفان مجید بھی بھارتی انتقامی کارروائیوں کے باعث جیل میں ہیں۔

انہوں نے ایران کے خلاف بیرونی دباؤ اور پابندیوں کی مخالفت کی اور کہا کہ ایران کا داخلی معاملہ ہے، پاکستان کسی پڑوسی ملک کے داخلی امور میں مداخلت نہیں کرتا۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون مضبوط ہے اور کسی بھی ممکنہ دفاعی معاہدے کی تصدیق باضابطہ طور پر کی جائے گی۔ سعودی عرب میں پاکستانی فوجیوں کی تعداد بڑھانے کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا اور دفاعی منصوبے زیر غور ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔