لاہور: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے اسلام آباد کے بعد لاہور سے بھی لندن کے لیے براہ راست فضائی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق لاہور سے لندن جانے والی پہلی پرواز پی کے 757، 30 مارچ کو روانہ ہوگی، جو لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے ٹرمینل 4 پر لینڈ کرے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ لندن پی آئی اے کے ابتدائی بین الاقوامی روٹس میں شامل رہا ہے اور ان پروازوں کی بحالی سے برطانیہ کے لیے فضائی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
لاہور سے لندن پروازوں کے آغاز کے بعد برطانیہ کے لیے پی آئی اے کی ہفتہ وار پروازوں کی مجموعی تعداد 7 ہو جائے گی، جبکہ پابندی سے قبل یہ تعداد 10 تھی۔ ترجمان کے مطابق لندن کے لیے پروازوں میں مرحلہ وار اضافہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پی آئی اے پہلے ہی اسلام آباد سے لندن کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر چکی ہے، جو 29 مارچ سے آپریشنل ہوں گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos